اسلام آباد: پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی، اس دوران دونوں ممالک کی فضائیہ کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خوب سراہا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ دو ہفتے جاری رہنے والی فضائی مشق کے اختتام پر خصوصی تقریب سجائی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تقریب میں ایئرمارشل محمد حسیب پراچہ اور ڈپٹی چیف ایئراسٹاف آپریشنز مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ونرانک، اعلی عہدیداران اور سفارت کار بھی شریک ہوئے۔
اس دوران دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدیداران کو مشق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں، چینی دستہ پاکستان پہنچ گیا،آئی ایس پی آر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل محمدحسیب پراچہ نے اس مشترکہ مشق کی اہمیت کو اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ دونوں فضائی افواج کے افراد کو مشق کے شاندار انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
دوسری جانب میجر جنرل چن ونرانگ نے اپنے خطاب میں بہترین روایتی میزبانی اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فضائیہ کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی معاشی ، دفاعی اور معاشرتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کی دفاعی افواج دفاع اور سیکیورٹی میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی ہیں ۔پاک چین اقتصادی راہداری اورمشترکہ فوجی مشقوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔