اسلام آباد : پاکستان نے ڈیڑھ ارب ڈالر کے نئے رعایتی قرض پروگرام پر آئی ایم ایف کو منالیا، نیا قرض پروگرام موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے تدارک کیلئے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق معاشی میدان میں پاکستان کو ایک اور اہم ترین کامیابی مل گئی، پاکستان نے 1.5 ارب ڈالر کے نئے رعایتی قرض پروگرام پر آئی ایم ایف کو منالیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی دبئی میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹیلینا جارجیو سے ملاقات کامیاب رہی ، نیا قرض پروگرام موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے تدارک کے لیے ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا وفد 24 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا، دورے کے دوران وفد نئے موسمیاتی تبدیلی قرض پروگرام پر مذاکرات کرے گا۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان کو دو سال پہلے موسمیاتی تبدیلیوں سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا تاہم نئے قرض پروگرام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم کرنے میں مدد کرے گا۔
نئے قرض پروگرام میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات اور اہداف کا جائزہ لے گا، موسمیاتی تبدیلیوں کے نئے قرض پروگرام پر بات چیت مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔