اسلام آباد : پاکستان اور جنوبی افریقہ کےدرمیان دفاعی معاہدہ طے پا گیا، دفاعی معاہدہ ” دفاع اوردفاعی صنعت”پردونوں ممالک کےوزراء نے دستخط کئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیار کردہ جے ایف سیونٹین اور سوپر مشاق طیاروں کی مانگ بڑھ گئی، اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویرسےجنوبی افریقہ کے وزیر دفاع نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران جنوبی افریقہ نے جے ایف سیونٹین اور سوپرمشاق طیاروں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پا گیا، دفاعی معاہدے کے تحت دونوں ممالک مشترکہ ڈیفنس کمیٹی بنائیں گے، مشترکہ ڈیفنس کمیٹی دفاعی تربیت اور پروگرامز مرتب کرے گی، دفاعی معاہدے میں معلومات کا تبادلہ، دفاعی ساز و سامان کی خریدو فروخت بھی شامل ہیں جبکہ دفاعی تحقیق و ترقی میں مشترکہ کوششیں بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔
پاکستان بھر پور دفاعی صلاحیت رکھنے والا ملک ہے، جنوبی افریقہ کے وزیر دفاع
اس موقع پر جنوبی افریقہ کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر پور دفاعی صلاحیت رکھنے والا ملک ہے، پاکستان میں امن کی صورتحال بہت اچھی ہے دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان نے قربانیاں دیں، پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو سراہتے ہیں، پاکستان سے دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، سفارت خانےمیں دفاعی اتاشی بھی تعینات کر دیا ہے۔
وفاقی وزیردفاعی پیداوارراناتنویر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے طیاروں کی عالمی منڈی میں مانگ بڑھ رہی ہے، جنوبی افریقہ پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیت سے فائدہ اُٹھا سکتا ہے۔