لاہور: پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، حسن علی فٹنس، محمدعامر اور حارث سہیل مصروفیت کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے 29 رکنی اسکواڈ میں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی، ٹی ٹوئنٹی کپتان بابراعظم، عابد علی، فخر زمان، شان مسعود اور امام الحق میں شامل ہیں۔
اسی طرح اسدشفیق، فوادعالم، افتخاراحمد، محمدحفیظ، شعیب ملک، محمدرضوان، سرفراز احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف، عمران خان سینئر، محمدعباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا https://t.co/G9nIKeOVmp
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) June 12, 2020
نوجوان بیٹسمین حیدرعلی، یاسرشاہ، عمادوسیم، کاشف بھٹی، شاداب خان، خوشدل شاہ اور محمدحسنین قومی ٹیم کے اسکواڈ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ قومی اسکواڈ انگلینڈ سے سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔
مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقاریونس بولنگ کوچ ہوں گے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان بیٹنگ کوچ جبکہ مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ ہوں گے۔ خیال رہے کہ یونس خان کی تقرری پہلے ہی ہوچکی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز اگست میں کھیلی جائے گی۔