اسلام آباد : پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے56 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کر کے اُن کی 10 کشتیاں قبضے میں لے لیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمندری حدودکی خلاف ورزی پردس بھارتی کشتیاں پکڑلیں اور اس میں سوار 56 بھارتی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا ، ،ماہی گیروں میں بارہ ایسے بھارتی ہیں جو دوبارہ گرفتارہوئے ہیں۔
پی ایم ایس اے کا کہنا ہے کہ سمندری حدودمیں داخلےکی حتمی رپورٹ پرکارروائی کی ، آپریشن میں پی ایم ایس اےکی بحری اورفضائی ٹیم نےحصہ لیا۔
حراست میں لیے گئے تمام بھارتی ماہی گیروں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کردیا جس کے بعد انہیں جیل بھیجا جائے گا۔
خیال رہے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی سمندر میں واحد قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی سمندری حدود میں کسی بھی غیر قانونی عمل کی روک تھام کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے ، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اپنی ذمہ دارانہ سمندری حدود میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی عمل، منشیات و انسانی اسمگلنگ اور سرچ اور ریسکیو آپریشن کی انجام دہی کے لیے ہمہ وقت تیار اور مکمل طور پر فعال رہتا ہے۔
واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں سمندری حدود کی خلاف ورزی اور اسکے نتیجے میں گرفتاریاں دونوں ممالک کی جانب سے معمول کی بات ہیں، سمندری حدود کی واضح تقسیم نہ ہونے اورماہی گیروں کی کشتیوں میں سمندری حدود کا تعین کرنے والے جدید آلات نہ ہونے کے باعث اکثر دونوں ممالک کے ماہی گیرغلطی سے سرحد پار کرجاتے ہیں اور اکثر ماہی گیر اپنی سزا کی مدت ختم کرنے کے باوجود کمزور سفارتی تعلقات کے باعث جیل میں رہ جاتے ہیں۔