منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سربراہ بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک : پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سربراہ بن گیا، اپنی صدارت کے دوران پاکستان اعلیٰ سطح کے 2 اہم اجلاس منعقد کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت جولائی 2025 کیلئے سنبھال لی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان اہم ذمہ داری کو انکساری اور یقین کے جذبے کیساتھ انجام دے گا، ہماری پالیسی یواین منشور، بین الاقوامی قانون کے احترام سے وابستگی پرقائم رہے گی۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں غیرجانبدار،اصولی،متوازن نقطہ نظر لائے گا، پاکستان نے کونسل پروگرام کی تیاری میں متوازن،مشاورت پرمبنی طریقہ اپنایا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں امن وسلامتی کودرپیش چیلنجزکا بخوبی ادراک ہے، بحرانوں کی انسانی قیمت متقاضی ہے سلامتی کونسل مؤثر، قابل اعتبارپلیٹ فارم ہو، صدارت کے دوران پاکستان بامعنی ،عملی نتائج پرمبنی مشاورت کوفروغ دے گا۔

مزید پڑھیں : پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کیلئے تیار

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان سلامتی کونسل ، اقوام متحدہ کی وسیع رکنیت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا اور تمام امور پرجامع شمولیت یقینی بناتے ہوئے تعمیری مکالمے کو فروغ دیا جائے گا ، عالمی امن و سلامتی کا قیام پاکستان سمیت تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ سطح کے اہم اجلاس منعقد کرے گا، بائیس جولائی کو کثیرالجہتی نظام، تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے امن کے فروغ کے موضوع پر مباحثہ ہوگا جبکہ چوبیس جولائی کو اقوام متحدہ اور علاقائی وذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون پر بات ہوگی۔

ان اجلاسوں کی صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے، اسحاق ڈار تئیس جولائی کو فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی مباحثےکی صدارت بھی کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں