اسلام آباد :وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کو پیشہ وربھکاریوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی اور کہا یہ مافیاپاکستان کےامیج کو خراب کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفارت خانے کا دورہ کیا ، جہاں سعودی سفیرنواف بن سعید احمد المالکی سےملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک سعودی عرب تعلقات کےفروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے سعودیہ جانیوالے پیشہ وربھکاریوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف آئی اےکومافیا کیخلاف بھی ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا، یہ مافیاپاکستان کےامیج کو خراب کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ سعودی عرب ہمارے لئے بے پناہ عقیدت و احترام کا محور ہے، سعودی عرب نےہمیشہ مشکل میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، جس پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کیساتھ بھائیوں جیسے تعلقات ہیں۔