لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹی 20 سیریز کے ٹکٹس کی قیمتوں کا اعلان کردیا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز 28 مئی سے لاہور میں شروع ہوگی، دوسرا ٹی 30 مئی اور آخری ٹی 20 میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔
جنرل انگلوژرز، حنیف محمد، امتیاز احمد، انضمام الحق اور سعید احمد کے انگلوژر کی قیمت 200 روپے ہوگی، عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر اور سرفراز نواز فرسٹ کلاس انگلوژر کی قیمت 300 روپے رکھی گئی ہے۔
’بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں بابر نہیں تو کراؤڈ بھی نہیں ہوگا‘
پریمیم اور وی آئی پی انگلوژرز کی قیمت بالترتیب 400 اور 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں چاروں وی وی آئی پی انگلوژرز اور گیلری کے ٹکٹ کی قیمت 2000 روپے ہوگی۔
واضح رہے کہ تمام ٹکٹس شائقین کو کل سے نجی کوریئر کمپنی کے مخصوص مراکز پر دستیاب ہوں گے۔
بنگلادیش کو پہلے دورہ پاکستان میں 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنا تھی لیکن لاجسٹک چیلنجز کی وجہ سے سیریز تین میچوں کی کردی گئی۔
پاکستانی اسکواڈ:
سلمان علی آغا کپتان ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب شامل ہیں۔