اسلام آباد: پاکستان نے اینٹی ملیریا ادویات کی برآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کردی اور کہا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ان ادویات کی عالمی مارکیٹ میں طلب بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ملیریا سے بچاو کی ادویات کی برآمد پر فوری طور پر ہابندی عائد کردی اور اس حوالے سے ایس آر او 297 جاری کردیا ہے۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ملیریا سے بچاؤ کی ادویات پر پابندی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی سفارش ہر عائد کی گئی ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ان ادویات کی عالمی مارکیٹ میں طلب بڑھ گئی ہے۔
وزارت تجارت نے کہا کہ ملیریا کی ادویات پر پابندی کا اعلان فوری ہوگا اور جب تک نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی مزید ہدایت نہیں آتی ان ادویات کی برآمد ہر پابندی رہے گی۔
یاد رہے ڈی جی نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی کا کہنا تھا کہ اینٹی ملیریادواؤں کی اتنی مقدار موجود ہے کہ اسے ایکسپورٹ کرسکتے ہیں، ڈریپ کی حتمی منظوری کے بعد اینٹی ملیریا ادویات کی ایکسپورٹ شروع کی جائےگی، کرونا سے متعلق اینٹی ملیریا ڈرگ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈاکٹر امجد محمود کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے، ہمیں بھی مدد کرنا ہوگی، شروع میں طبی حفاظتی سامان کی کمی کامسئلہ تھا جو کافی حد تک حل ہوچکا ہے۔
خیال رہےہائیڈروکسی کلورو کوئن کو ملیریا کے مریضوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ دوا کورونا وائرس کے علاج میں کسی حد تک مددگار ثابت ہورہی ہے، ہائیڈروکسی کلورو کوئن ایک پرانی اور سستی دوا ہے، جسے جنگ عظیم دوم کے وقت استعمال کیا گیا تھا، یہ سنکونا درخت کی چھال سے تیار کی جاتی ہے۔