اسلام آباد : وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھارتی فلم اب ریلیزنہیں ہوگی ، پیمرا کو بھی ہدایت کردی گئی ہے کہ بھارت میں بننے والے اشتہارات پر ایکشن لے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستانی سنیماگھروں نےبھارتی موادکابائیکاٹ کردیا، پاکستان میں کوئی بھارتی فلم اب ریلیز نہیں ہوگی، پیمرا کو بھی ہدایت کی ہے بھارت میں بننے والے اشتہارات پر ایکشن لے، جو پاکستان میں چلتے ہیں۔
یاد رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے تھے۔
بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔
بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا، پاک فوج مکمل چاق و چوبند اور تیار تھی، ہم ردعمل نہیں عمل کر کے دکھائیں گے، اشتعال انگیزی کا شکار نہیں ہوں گے جو ہم نے کرنا ہے وہ کریں گے۔
خیال رہے آج پاکستان کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔