اسلام آباد : پاکستان بار کونسل نے ملک مخالف پی ٹی ایم ارکان کی غیرآئینی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل نے بعض پی ٹی ایم ارکان محسن داوڑ، علی وزیر، گلالئی اسماعیل و دیگر کی ریاست مخالف غیر آئینی سرگرمیوں کی مذمت کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین سید امجد شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کے کچھ ممبران اداروں کیخلاف نفرت پھیلارہے ہیں، علیحدگی کی باتیں غداری کےمترادف ہیں۔
ایسےعوامل کیخلاف حکومت سخت کارروائی کرے، انہوں نے کہا کہ کچھ پی ٹی ایم ارکان علیحدگی کیلئےکھلے عام مہم پر لگے ہیں، کسی شخص یا گروپ کا مطالبہ آئینی ہے تو پورا ہونا چاہیے، حکومت نے کسی سطح پر بھی پی ٹی ایم کے جائز مطالبات کو نظر انداز نہیں کیا۔
محسن داوڑ، علی وزیر ودیگرکی گفتگو سےایجنڈا واضح ہوناشروع ہو گیا ہے، پی ٹی ایم ارکان نے افغانستان کی بولی کھل کر بولنا شروع کر دی ہے، حکومت پی ٹی ایم کے ایسے عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔
مزید پڑھیں: رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ تمام اخلاقی حدیں پار کرگیا
واضح رہے کہ پی ٹی ایم کا رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ گزشتہ روز افغانستان کی محبت میں تمام اخلاقی حدیں عبور کرگیا تھا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس کا کہنا تھا کہ جغرافیہ بدلتاہے، قومیں نہیں بدلتیں، میں افغان تھا، افغان ہوں اور افغان رہوں گا، محسن داوڑ کے متنازع ٹویٹ پر صارفین نے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوالات کیے۔