راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے غیر ملکی صحافیوں نے ملاقات کی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ توقع ہے غیر ملکی صحافی پاکستان کے امن کو مثبت انداز میں اجاگر کریں گے۔
آصف غفور نے غیر ملکی صحافیوں کو سیکورٹی صورتِ حال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ دی۔ پاک افغان بارڈر اور لائن آف کنٹرول کی صورتِ حال پر بھی اظہارخیال کیا گیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتِ حال بہتر ہوئی ہے، کلیئرنس آپریشنز کے بعد صورتِ حال کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عالمی برادری صحافیوں کے ذریعے پاکستان کو دیکھ رہی ہے، توقع ہے غیر ملکی صحافی پاکستان کے امن کو مثبت انداز میں اجاگر کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بہتر تشخص سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے اقتصادی مواقع بڑھیں گے، پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔