سڈنی : پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان چوتھے ون ڈے میں پاکستان کی پوری ٹیم 354 رنزکے تعاقب میں 267 رنزپرآؤٹ ہوگئی ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر353 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پوری قومی ٹیم محض 267 رنز بنا سکی یوں اسے 86 رنزسے شکست کی ہزیمت اُٹھانا پڑی۔
پاکستانی شاہینوں کی پانچ میچوں کی سیریزمیں تیسری شکست ہے جس کے بعد آسٹریلیا نہ صرف یہ کہ یہ میچ بلکہ ایک روزہ سیریزبھی اپنے نام کر لی جب کہ اس قبل ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپنرزشرجیل خان نے سب سے بڑی اننگز کھیلی اورجارحانہ اندازسے کھیلتے ہوئے شرجیل خان کے بلے نے 74 رنز اگلے تاہم یہ اننگ پاکستان کو فتح مند بنانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔
یاد رہے آسٹریلیا نے اس جیت کے بعد ایک روزہ میچ کی سیریز میں 1-3 سے سبقت حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی ہے جب کہ ابھی آخری ایک روزہ میچ ہونا باقی ہے۔