دبئی: پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپیئن کو پہلے میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
دبئی میں شاہینوں کی اونچی اڑان نے کالی آندھی کا رخ موڑ دیا، ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد دوسرے امتحان میں بھی سرخرو ہوئے،دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ابتداء میں ویسٹ انڈین بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف 40 رنز کے اسکور پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
عماد وسیم کی گھومتی گیندوں نے بلےبازوں کو گھوما دیا،انہوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کیرئیر کی بہترین بولنگ کردی، عماد وسیم نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایون لوئس کی وکٹ لے ڈالی۔ پھر اپنے دوسرے اوور میں فلیچر اور سیمویلز کو پویلین بھیج دیا، دوسرے اسپیل میں چھکوں کےماہر کیرون پولارڈ اور کارلوس براتھ ویٹ کا شکار کیا۔
سہیل تنویر،حسن علی اورمحمد نواز نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ صاف کیے، فاسٹ بالر سہیل تنویر نے 2 وکٹیں جبکہ محمد نواز اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پچاس رنزسے پہلے ویسٹ انڈیز کے آٹھ بلے باز پویلین جابیٹھے۔
ڈوئن براوؤ اور جیروم ٹیلر نے نویں وکٹ کیلئے عالمی ریکارڈ بنایا، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم ایک سوپندرہ رنزپر ڈھیر ہوگئی۔
جواب میں شرجیل خان کی مختصرلیکن تیز اننگز نےپاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی، بابر اعظم اورخالد لطیف کی شراکت نے میچ پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا، پاکستان نے ہدف ایک وکٹ پر ہی حاصل کرلیا، تاہم تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
یاد رہے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 2013 کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے خلاف سب سے کم ترین اسکور 124 رنز بنائے تھے تاہم آج کے میچ میں شاہینوں کی عمدہ بالنگ کے باعث ماضی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔