پاکستان ایشیا کپ میں ناکامی کے باوجود ایک بار پھر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے ایشیا کپ کا آغاز آئی سی سی ون ڈے نمبر ایک ٹیم کے طور پر کیا لیکن ایونٹ میں خراب کارکردگی اور بھارت سے شرمناک شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے صرف خالی ہاتھ واپس نہیں ہوا تھا بلکہ آئی سی سی کی ٹاپ رینکنگ بھی کھو دی تھی اور تیسرے نمبر پر جا پہنچا تھا۔
تاہم ایشیا کپ نہ جیتنے کے باوجود پاکستان کرکٹ تیم دوبارہ آئی سی سی کی نمبر ون ایک روزہ ٹیم بن گئی ہے جب کہ بھارت ایشین چیمپئن بننے کے باوجود آئی سی سی کی نمبر ایک ٹیم بننے کا خواب پورا نہ کر سکا جس کی وجہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش سے شکست ہے۔
پاکستان کے دوبارہ نمبر ون ٹیم بننے کا سہرا اتوار کو جنوبی افریقا کو جاتا ہے جس نے آسٹریلیا کو باہمی سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں 122 رنز سے شکست دی جس کے بعد آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلی گئی جب کہ پاکستان نے 115 پوائنٹ کے ساتھ اپنی کھوئی ہوئی پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں روایتی حریف بھارت کے بھی 115 پوائنٹس ہیں تاہم اعشاریہ پوائنٹس کی برتری کی وجہ سے گرین شرٹس نمبر ون جب کہ بھارت نمبر دو ٹیم بنی ہے۔
تاہم پاکستان کی نمبر ون پوزیشن ایک ہفتے تک صرف چند دن برقرار رہ سکتی ہے کیونکہ بھارت اور آسٹریلیا 22 ستمبر سے تین میچوں کی سیریز میں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گے جہاں ان میں سے کوئی بھی ٹیم دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کر سکتی ہے جبکہ پاکستان ورلڈ کپ سے قبل کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلے گا۔
بھارت اور آسٹریلیا کا پہلا میچ 22 ستمبر کو موہالی، دوسرا میچ 24 ستمبر کو اندور اور تیسرا میچ 27 ستمبر کو بڑودہ میں کھیلا جائے گا۔