تازہ ترین

پاکستان اور بیلاروس کے سائنسدانوں کے لیے مشترکہ سائنس مقابلے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان اور بیلا روس نے دونوں ممالک کے شعبہ سائنس سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے سائنس مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کی وزارت برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور بیلا روس کی اسٹیٹ کمیٹی آن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے 2 سال کی مدت پر مشتمل اس مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ مقابلے کے تحت دونوں ممالک کے سائنسدان اور محققین سائنس کے شعبے میں مختلف پروجیکٹس کی تجاویز (پروپوزلز) پیش کرسکیں گے۔

پروجیکٹس مندرجہ ذیل شعبوں میں پیش کیے جاسکتے ہیں: سائنس اینڈ انجینیئرنگ، نینو ٹیکنالوجی، مائیکرو الیکٹرانکس، ایگری کلچرل اینڈ بائیو ٹیکنالوجی (زراعت)، میڈیسن اینڈ فارمیسی (طب)، انرجی اینڈ انرجی سیونگ (توانائی)، انڈسٹریل کیمیکلز اینڈ منرل ایکسپلوریشنز، واٹر مینجمنٹ ٹیکنالوجیز، انوائرمنٹل پروٹیکشن (تحفظ ماحولیات)، اور لیزر ٹیکنالوجی۔

پروگرام میں دونوں ممالک کے سائنس داں اور انجینیئرز انفرادی طور پر اور مختلف ادارے حصہ لے سکتے ہیں۔ پروجیکٹ پروپوزل ایک یا ایک سے زائد کیٹگریز میں بھیجا جاسکتا ہے جبکہ پروپوزل بھیجنے کی آخری تاریخ 15 اپریل ہے۔

منتخب کردہ پروجیکٹس کو دونوں ممالک کی جانب سے وسیع پیمانے پر تکنیکی و مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ مقابلہ اس معاہدے کے تحت منعقد کیا جارہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مئی 2015 میں طے پایا تھا۔ معاہدے میں دونوں ممالک نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -