منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ ختم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا وقت 5 بجتے ہی ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 2،2 سندھ کی ایک نشست پر ووٹنگ جاری رہی، پنجاب میں 12 صوبائی، کے پی اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

کون کس کے مد مقابل؟

وزیر اعظم شہباز شریف کی خالی کردہ نشست این اے 132 قصور پر ن لیگ کے ملک رشید احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر آمنے سامنے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ نشست این اے 119 لاہور پر لیگی امیدوار علی پرویز ملک کا سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق مد مقابل ہیں۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی خالی کردہ نشست این اے 44 پر آزاد امیدار فیصل امین گنڈاپور اور پیپلز پارٹی کے عبدالرشید کنڈی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

انٹرنیٹ موبائل فون سروس

لاہور کے 5 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے دوران مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہے، انٹرنیٹ سروسز بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں 21 اور 22 اپریل کو بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

انتخابی حلقے

ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 5، صوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں میں ضمنی الیکشن آج ہوئے۔ پنجاب کے حلقے این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ جاری رہی، پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 193،93،54،36،32،22 میں عوام نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 290،266،164،158،149،147 میں بھی ووٹنگ ہوئی، الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 2 ہزار 601 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کی 2 قومی، 2 صوبائی نشستوں پر الیکشن ہوا، کے پی کے حلقے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان، این اے 8 باجوڑ، این اے 8 اور 44، پی کے 22 اور 91 میں ووٹنگ جاری رہی۔ خیبر پختونخوا میں 49 امیدوار میدان میں ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق 892 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 139 حساس ہیں۔

سندھ میں قومی اسمبلی کے ایک حلقے این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، جس میں 303 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 158 حساس ہیں۔

بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں میں ضمنی الیکشن اور ایک میں دوبارہ پولنگ ہوئی، پی بی 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ جاری رہی، پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ ہوئی۔ بلوچستان میں 354 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں