نیویارک : پاکستان نے غزہ میں فوری انسانی امداد اور مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا امید ہے جنگ بندی معاہدے کے تمام مراحل مکمل طور پر نافذ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں انسانی بحران کو فوری طور پر حل کرے۔
منیر اکرم نے زور دیا کہ دو ریاستی حل یو این چارٹر کے بنیادی اصولوں پرمبنی ہونا چاہیے، غزہ کی صورتحال اسرائیل کو جارحیت کی اجازت دینے کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔
پاکستانی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کچھ ماہ قبل طے ہوجاتی تو ہزاروں جانیں بچائی جا سکتی تھیں، امید ہے جنگ بندی معاہدے کے تمام مراحل مکمل طور پر نافذ ہوں گے۔.
انھوں نے کہا کہ خطے کی روح یہ ہے کہ انصاف کے ساتھ ساتھ امن کی تلاش جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بدلے ہوئے سٹریٹجک منظر نامے میں بھی عرب اور مسلم عوام انصاف کے ساتھ امن اور فلسطینی عوام کے لیے مساوی حقوق، بشمول ان کے حق خود ارادیت اور ریاستی حیثیت کے حصول کے لئے ان کی جدوجہد کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
خیال رہے غزہ میں حماس اسرائیل جنگ بندی کا تیسرا روز ہے اور بے گھر فلسطینیوں کی اپنے علاقوں میں واپسی جاری ہے۔
امدادی سامان کے ٹرک بھی غزہ پہنچ رہے ہیں تاہم جنگ بندی کے بعد تباہ شدہ علاقوں سے باسٹھ لاشیں ملیں۔
اسرائیل حماس معاہدے کے مطابق بیالیس دن تک غزہ کی پٹی پر کوئی حملہ نہیں ہوگا اور قیدیوں کا اگلا تبادلہ پچیس جنوری کو ہوگا۔