واشنگٹن : امریکہ میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری کا کہنا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کوافغان صورت حال کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیراعزازچوہدری یونیورسٹی آف کیلفورنیا میں پاک امریکہ تعلقات پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں گزشتہ 70سال میں کئی اتارچڑھاؤ آئے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ نے جب بھی مل کرکام کیا فائدہ ہوا جبکہ پاکستان امریکہ سے اچھےتعلقات کا خواہاں ہے۔
اعزازچوہدری نے کہا کہ افغانستان اورخطے میں امن کے لیے پاک امریکہ تعاون ضروری ہے، مختلف نقطہ نظرسے دونوں ملکوں میں کشیدگی پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دوسروں کی ناکامیوں کے ذمہ دارنہیں ہیں، پاک امریکہ تعلقا ت کوافغان صورت حال کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، فوجی آپریشن افغانستان کے مسائل کا حل نہیں، مذاکرات ہی افغانستان میں امن کا واحد راستہ ہے۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں، پاک فوج نے قبائلی علاقوں میں کامیاب آپریشن کیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں تناؤ کے باوجود عوامی رابطے مضبوط ہورہے ہیں، نجی شعبے کے تعلقات بھی مزید مستحکم ہورہے ہیں۔
اب امریکی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا: اعزاز چوہدری
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ پر واضح کردیا کہ ہم کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، پاکستان کو کوئی طاقت دنیا میں تنہا نہیں کرسکتی۔