اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کا ملک اس وقت متحمل نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کو عوام کا مکمل اعتماد اور پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور اسے عدالت کے فیصلے سے قبل اپنے فیصلے مسلط کرنے کے بجائے انتظار کرنا چاہیے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نوازشریف پہلے ہی قومی اسمبلی میں پانامہ پیپرز الزامات کے حوالے سے اپنی پوزیشن کو واضح کرچکے ہیں اور انہوں نے خود کو بھی احتساب کے لیےپیش کیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہناتھا کہ تحریک انصاف کے سربراہ پہلے بھی بڑے بڑے دعوے کرچکے ہیں لیکن وہ اب تک ان دعووں سے کچھ حاصل نہیں کرسکے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد بند کرنے کے لیے بڑا تالا چاہیے، ایاز صادق
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا تھا کہ اسلام آباد کو بند کرنے کے لیے بڑے تالے کی ضرورت ہے جو کسی کے پاس نہیں ہے کسی بھی سیاسی پارٹی کے مظاہرے سے دارالحکومت بند نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی نواز شریف کومحرم تک ڈیڈ لائن، اسلام آباد بند کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمراں خان نے اعلان کیا تھا 30اکتوبر کو اسلام آباد بند کردیں گے اور انہوں نے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات کی تھیں۔