لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ انگلش ٹیم کے کپتان کا بیان محمد عامر کو پریشر میں لانے کا حربہ ہے.
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہےکہ الیسٹر کک کا بیان فاسٹ بولر محمد عامر کو پریشر میں مبتلا کرنے کے علاوہ کچھ نہیں،انہوں نے کہا کہ کیسا محسوس ہوگا اگر پاکستانی کپتان ان کے کسی کھلاڑی کے لیے ایسے جملے کہے.
اُن کا مزید کہنا تھا یہ بیان صرف محمد عامر کو دباؤ میں لانے کے لیے تھا،کیونکہ بائیں ہاتھ کا پیسر ان کے لیے حقیقی خطرہ ہے.
یاد رہے کہ انگلش کپتان نے اپنے حالیہ بیان میں محمدعامر کو خبردار کیا تھا کہ انہیں گراؤنڈ میں شائقین سے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑسکتاہے.
اُن کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ لارڈز میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کھلاڑی کےخلاف ردعمل ضرور سامنے آئے گا جو اس لحاظ سے درست ہو گا کہ جب کوئی غلط کام کیا جائے تو اس کے بعد لوگوں کے ردعمل کا سامنا کرنے کےلیے بھی تیار رہنا چاہیے.
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ہی نہیں بلکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ بھی پاکستانی پیسر کو ایک خطرے کی صورت دیکھ رہے ہیں اور چونکہ وہ انگلینڈ میں ایک میچ ونر ثابت ہو سکتا ہے لہٰذا اس قسم کی باتیں سامنے لائی جا رہی ہیں.
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ حالیہ دورہ تنازعات سے پاک ہو گا اور ٹیم انتظامیہ معاملات کو سنبھال لے گی.