گوادر: پاکستان کوسٹ گارڈز نے تربت اور ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے موبائل گشت کے دوران تالار تربت روڈ کے مقام پر ایک مشکوک نقل وحرکت کا تعاقب کیا۔ موبائل گشت کو دیکھ کر ملزمان رات کے اندھیرے اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ مشکوک پہاڑی علاقے کی تلاشی کے دوران 1770 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق ایک اور کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے ایک کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 9 کلو گرام اعلی کوالٹی کی افیون برآمد کر کے 1 ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر بلوچستان) پرمختلف گاڑیوں سے 2,305 کلو گرام چھالیہ، 1175 پیکٹ انڈین گٹکا،120 پیکٹ نسوار، 136 بیگز چائنا سالٹ،93 عدد مختلف گاڑیوں کے ٹائرز اور غیر ملکی سگریٹ برآمد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پکڑی جانے والی متفرق اشیاء اور منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 1956.86 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 نومبر کو پاکستان کوسٹ گارڈز کے عملے نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات ، چھالیہ، انڈین گٹکا اور دیگر اشیاء برآمد کرکے تارکین وطن سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔