کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج، کولمبو اسٹاک ایکسچینج، اور ڈھاکا اسٹاک ایکسچینج کے درمیان مارکیٹ کی ترقی اور انضمام کو فروغ دینے، اور ایکسچینج فورم کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق علاقائی کیپیٹل مارکیٹ کے تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے کولمبو اسٹاک ایکسچینج (سی ایس ای) اور ڈھاکا اسٹاک ایکسچینج (ڈی ایس ای) کے ساتھ سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
آج جمعرات کو کولمبو میں ہونے والے اس معاہدے کے ذریعے ایک ’ایکسچینج فورم‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تاکہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور اشتراک، انسانی وسائل کی شراکت، پروڈکٹ ڈیولپمنٹ، ریگولیٹری تعاون، سرمایہ کاروں کے تحفظ، اور علم کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان میں آج سونے کی فی تولہ قیمت کیا رہی؟
دستخطی تقریب میں تینوں اسٹاک ایکسچینجوں کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، جن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فرخ ایچ سبزواری، کولمبو اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او راجیوا بندرانائیکے اور ڈھاکا اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مومن السلام شامل تھے، تقریب میں ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
باہمی تعاون کے کلیدی شعبوں میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے سسٹم ڈیولپمنٹ اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں مشترکہ اقدامات، انسانی وسائل کی ترقی کے لیے کراس ایکسچینج ٹریننگ پروگرامز اور علم کے تبادلے کے اقدامات، پروڈکٹ میں جدت کے لیے نئے مالیاتی ذرائع کی مشترکہ ترقی، بہترین ریگولیٹری طریقے لانے کے لیے مارکیٹ کی نگرانی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے فریم ورک کو ہم آہنگ کرنا، دوہری لسٹنگ کے لیے سرمایہ کاروں کی رسائی کو وسعت دینا، اور تجارتی روابط کے لیے بروکر شراکت داری اور ادارہ جاتی روابط کی سہولت شامل ہیں۔
باہمی تعاون کے فریم ورک کو نافذ کرنے کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے، اس شراکت داری سے مارکیٹ میں سرمایہ اور متنوع مصنوعات میں اضافہ، خطے میں ریگولیٹری فریم ورک کی مضبوطی، سرحد پار سرمایہ کاری کے بہاؤ میں آسانی، اور مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے میں ٹیکنالوجی کی جدت کے فروغ کے فوائد متوقع ہیں۔
یہ اقدام تین جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان گہرے علاقائی تعاون کو فروغ دے گا، اور سرمایہ کاروں اور مارکیٹ شرکا کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔