اسلام آباد: نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جسٹس (ر) ناصر الملک سے سعودی سفیر نواف سعید بن المالکی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی روابط کے فروغ کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔
عرب سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس ضمن میں سعودی سفارتخانے کا کمرشل سکیشن کام کر رہا ہے۔ نواف سعید بن المالکی نے ناصر الملک کو نگراں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ بردرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔ جسٹس (ر) ناصرالملک نے سعودی سفیر کو آئندہ انتخابات اور اگست میں نئی حکومت سازی کے عمل سے بھی آگاہ کیا۔
سعودی سفیر نے پاکستان کے مستقبل، خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔