اسلام آباد : پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا اسرائیل کے مظالم کافوری خاتمہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سےغزہ کےاسپتال پربمباری کی شدیدمذمت کرتےہیں، طبی سہولیات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ پام سنڈے جیسے مقدس موقع پر کیا گیا، جومذہبی تقدس اورانسانی جانوں کی توہین ہے، اسرائیل کے مظالم کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں معصوم اور نہتے فلسطینی، خواتین اور بچے شہید ہو رہے ہیں اور انفراسٹرکچرکی منظم تباہی کاسلسلہ جاری ہے، غزہ کا نظام صحت مفلوج ہوچکا ہے، مریض بنیادی علاج سے محروم ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی امداد پر پابندی تکالیف بڑھانے اور تنازع کو طول دینے کی سوچی سمجھی حکمت عملی ہے، اسرائیلی افواج کی جارحیت فی الفور روکی جائے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، فلسطینی ریاست کا قیام 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق عمل میں لایا جائے، دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔
ترجمان نے مطالبہ کیا عالمی برادری اسرائیل کو جوابدہ بنائے اور فلسطینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔