اسلام آباد: پاکستان نے ایران پر امریکا کی جانب سے جوہری تنصیبات پر فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے۔
ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فریقین بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں، پاکستان کشیدگی میں کمی کیلیے سفارتکاری اور مذاکرات پر زور دیتا ہے، مزید کشیدگی خطے اور دنیا پر اثرات مرتب کرے گی۔
PR No.1️⃣8️⃣2️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
Pakistan Condemns the US Attacks on the Nuclear Facilities of the Islamic Republic of Iran.
⬇️https://t.co/2qpo27WzVQ pic.twitter.com/ugtFomQ5HO
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) June 22, 2025
پاکستان نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں کے بعد کیے گئے امریکی حملے قابل مذمت ہیں، اسلام آباد کو خطے میں کشیدگی میں ممکنہ اضافے پر گہری تشویش ہے، ایران کو اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت کے نتیجے میں کشیدگی اور تشدد میں اضافہ پریشان کن ہے، مزید کشیدگی پورے خطے اور اس سے باہر نہایت سنگین نتائج کا باعث بنے گی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
قبل ازیں، سعودی عرب کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر گہری تشویش ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے، عالمی برادری کشیدگی کم کرنے کیلیے کوششیں تیز کرے۔
عراق کی جانب سے کہا گیا کہ امریکی حملوں سے مشرق وسطیٰ کے استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے، مسلسل حملوں کے باعث کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان عراقی حکومت کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو یاد رکھنا چاہیے جنگیں صرف تباہی لاتی ہیں، فوجی جارحیت سے پورے خطے میں عدم استحکام کا خدشہ ہے، کشیدگی کے اثرات علاقائی سرحدوں سے باہر پوری دنیا کی سلامتی متاثر کر سکتے ہیں۔
ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ امریکی جنگی طیاروں نے ایران پر حملہ کر دیا ہے اور اس کی جوہری تنصیبات تباہ کر دیں۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر کی گئی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ہم نے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر کامیاب حملہ مکمل کر لیا، طیاروں نے فردو، نطنز اور اصفہان میں سائٹس کو نشانہ بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود سے باہر آگئے، فردو میں قائم مرکزی جوہری پلانٹ پر کئی بم گرائے گئے، حملے میں امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے حصہ لیا۔
امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ رات 10 بجے وائٹ ہاؤس میں قوم سے خطاب کروں گا، ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے کیلیے راضی ہونا چاہیے، تہران میں کامیاب فوجی آپریشن امریکا، اسرائیل اور دنیا کیلیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔