اسلام آباد: مصرمیں گرکرتباہ ہونے والے روسی مسافربردارجہازمیں ہلاک ہونے والے 224 افراد کی ہلاکت پر حکومتِ پاکستان نے اظہارافسوس کیا ہے۔
دفترِخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی جہازکی تباہی اورمسافروں کی ہلاکت کی خبرپر پاکستان کوانتہائی صدمہ اورافسوس ہے۔
اعلامیے میں عوام اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سےاظہارِ تعزیت کیا گیا ہے۔
دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ یہ یقیناً روسی حکومت اور ہلاک شدگان کے خاندانوں کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑٰی میں حکومت اورعوامِ پاکستان روسی عوام اورہلاک شدگان کے لواحقین کا درد رکھتے ہیں اوران کےغم میں برابرکے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ مصر کے شرم الشیخ ائیرپورٹ سے سینٹ پیٹرزبرگ کے لئے روانہ ہونے والے طیارہ مصر کے صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہوا ہے جس میں 224 افراد ہلاک ہوئے۔
شدت پسند تنظیم داعش کے مصر سے تعلق رکھنے والے گروہ نے سانحے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔