لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے اشتہار جاری کردیا، کوچنگ کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے اشتہار جاری کیا ہے، اشتہار میں ہیڈ کوچ سمیت بیٹنگ اور بولنگ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کی کوچنگ کے خواہشمند امیدوار 23 اگست تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
ورلڈ کپ کے بعد پی سی بی نے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت بولنگ کوچ اظہر محمود اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے معاہدہ میں توسیع نہیں کی تھی۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ، مکی آرتھر کی چھٹی
یاد رہے کہ مکی آرتھر کو پی سی بی حکام 15 ماہ کی توسیع دینے کا وعدہ کرچکے تھے لیکن کرکٹ کمیٹی نے کوچ کو تبدیل کرنے پر اتفاق کیا جس سے احسان مانی نے بھی اتفاق کیا۔
مکی آرتھر کو توسیع نہ دینے کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور جمعے کو پاکستان سے روانہ ہوں گے۔
گرانٹ فلاور بھی معاہدے میں توسیع نہ ملنے والے کوچز میں شامل تھے، وہ پانچ سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دیتے رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے دونوں ٹیم میں بھی مزید تبدیلیاں متوقع ہیں. کہا جارہا ہے کہ شاید سرفراز احمد بھی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہاتھ دھو بیٹھیں، اس ضمن میںاظہر علی کو مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا ہے۔