ایبٹ آباد : دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی کرکٹرز کا ٹریننگ کیمپ پاکستانی ملٹری اکیڈمی کاکول میں شروع ہوگیا، لیگ اسپنر یاسرشاہ انجری کے باعث کیمپ سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرزکا بوٹ کیمپ کاکول ملٹری اکیڈمی میں شروع ہوگیا ہے، قومی کرکٹرز نے پہاڑوں پر ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
اب سیلفیاں نہیں بنائی جائیں گی بلکہ دو ہفتے صرف پریکٹس ہوگی۔ آرمی کے ٹرینرز کھلاڑیوں کو مزید فٹ بنائیں گے۔ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی فوجی طرزکے ڈسپلن پر عمل کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ پاک فوج کے فٹنس کیمپ کی تاب نہ لا سکے اوران فٹ ہو کر باہر ہو گئے ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق یاسر شاہ کی ایم ٓآر آئی رپورٹ میں گھٹنے کی انجری کا مسئلہ سامنے آیا ہے، جسے نارمل ہونے میں ایک ماہ سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کیمپ کے دوران ہی فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا۔ لیگ اسپنر یاسر گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر کیمپ سے باہر ہوئے۔پی سی بی نے انہیں علاج کیلئے طلب کر لیا ہے تاہم ان کی انجری کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔
واضح رہے کہ کاکول اکیڈمی ایبٹ آباد میں 35 کھلاڑیوں کا بوٹ کیمپ 4 جون تک جاری رہے گا جس میں فزیکل فٹنس پر زیادہ زور ہوگا۔
بوٹ کیمپ سے قبل لیے جانے والے فٹنس ٹیسٹ میں متعدد کھلاڑیوں کی فٹنس غیر تسلی بخش رہی۔ پی سی بی نے ٹیسٹ نہ دینے والے انجرڈ کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام میں شرکت کی ہدایت کی تھی۔
پاکستان کا دورہ انگلینڈ 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 1 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہوگا۔ یاد رہے کہ دوہزار تیرہ میں بھی کھلاڑی ایبٹ آباد میں اس طرح کی لہو گرمانے والی ٹریننگ کرچکے ہیں۔