ابوظہبی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 136 رنز سے شکست دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی وائٹ واش مکمل کرلیا، 308رنز کے تعاقب میں کالی آندھی محض 172 رنز پر ہوا ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیزکے خلاف کلین سوئپ کے بعد اب ون ڈے انٹرنیشنل کی سیریز میں بھی کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
ابوظہبی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اورآخری ون ڈے کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 50 اوورز میں بابر اعظم اور کپتان اظہر علی کی شاندار کارکردگی پر 308 رنز بنائےاور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : تیسرا ون ڈے،پاکستان کا ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ
بابر اعظم 117 رنز کے ساتھ سرفہرست جبکہ اظہر علی 101 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، قومی ٹیم اوپنرز اظہرعلی اور شرجیل خان نے عمدہ آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 38 رنزبنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 5 رنز بنا کر ہی نارائن کی گیند کا نشانہ بن کر چلتے بنے، ان کے بعد آنے والے کھلاڑی بابر اعظم نے انتہائی خوبصورت بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز بنائے اور پولارڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
یاد رہے کہ یہ ان کی حالیہ سیریز میں مسلسل تیسری سنچری ہے۔
بابر اعظم کی تیسری سنچری، لیجنڈز کی صف میں شامل
قومی ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی اچی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ 24 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی بالرز نے وکٹوں کا ڈھیر لگا دیا، پاکستانی بالر محمد نواز نے تین اور وہاب ریاض نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بابر اعظم کو مسلسل تیسری بار میں آف دی میچ اور اس بار مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید تھی کہ ریکارڈ ضرور توڑوں گا۔
واضح رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔