پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی سر زمین پر سیریز جیتنے کو ترس گئی

اشتہار

حیرت انگیز

نیوزی لینڈ کی بچہ ٹیم نے پاکستانی شاہینوں کی سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا گرین شرٹس کو اپنی سر زمین پر سیریز جیتے دو سال ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی نو آموز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر گرین شرٹس کے سیریز جیتنے کے ارمانوں کو ٹھنڈا کر دیا اور پاکستان کو اپنی سر زمین پر کسی بھی ملک کے خلاف سیریز جیتے دو سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔

پاکستان گزشتہ 28 ماہ میں ایک بھی کرکٹ سیریز اپنی سر زمین پر نہیں جیت سکی ہے 2022 اور 2023 میں قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر فتح کو ترستی رہی اور 2024 کا آغاز بھی سیریز جیتنے کا خواب ٹوٹنے سے کیا ہے۔

- Advertisement -

دو سال میں چار ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے لیکن پاکستانی کرکٹ شائقین اپنے ہوم گراؤنڈ پر گرین شرٹس کی سیریز میں فتح کا جشن منانے کو ترس گئے ہیں۔

سال 2022 میں انگلش ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور 7 میچوں پر مشتمل سیریز میں چار، تین سے فتح اپنے نام کر کے گئی۔ اسی سال کینگروز سے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی ٹیم اسٹار کھلاڑیوں کے بغیر آئی۔ کمزور ٹیم کا شور مچا لیکن ان کمزور کیویز نے شاہینوں کو فتح کی پرواز کرنے سے روک دیا اور پانچ میچوں کی سیریز دو، دو سے برابر کر دی۔

اب رواں سال نیوزی لینڈ کی ٹیم پھر پاکستان آئی مگر ایک دو نہیں بلکہ 10 سپر اسٹار کرکٹرز کے بغیر نوآموز کھلاڑیوں کو ساتھ لائی جس کو کرکٹ ماہرین نے تیسرے درجے کی ٹیم قرار دیا لیکن یہ بچے بھی گرین شرٹس کے بڑوں کو ناکوں چنے چبوا گئے۔

پانچ میچوں کی سیریز میں ابتدائی میچ بارش کی نذر ہوا جس کے بعد پہلا میچ پاکستان نے جیتا لیکن نیوزی لینڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں میچز جیت کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کا مڈل آرڈر بے دانت کا شیر بن گیا، اعداد وشمار دیکھیں

کیوی ٹیم کی اس فتح سے جہاں شاہینوں کا 2018 کے بعد نیوزی لینڈ سے سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا وہیں انہیں سیریز بچانے کے بھی لالے پڑ گئے ہیں۔

پاکستان ٹیم آخری 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے صرف تین میچ جیت سکی ہے۔ 10 میچوں میں شکست جب کہ تین میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں