پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی قیادت میں آسٹریلیا کے دورے پر سڈنی پہنچ گئی۔
قومی ٹیم سڈنی سے کینبرا جائے گی جہاں 2 دسمبر کو آرام کرنے کے بعد 3 دسمبر سے ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا، جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔
قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں، جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا۔
قومی ٹیم کے اسکواڈ کے دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق بھی شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ مجھے بھی اس بات کا نہیں معلوم کہ اچانک ٹیم سے غائب کیوں ہوگیا۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بنے، لیجنڈ شین وارن بھی آپ کی بولنگ کی تعریف کرتے تھے پھر اچانک سے کیا ہوا کہ یاسر شاہ غائب ہوگئے؟
یاسر شاہ نے کہا کہ یہ تو میں بھی سوچ رہا ہوں کہ اچانک کیوں غائب ہوگیا یہ سوال تو آپ کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی کرنا چاہیے۔
انڈین لیگ میں میچ فکسنگ کے لیے پلیئرز سے رابطوں کا انکشاف
انہوں نے کہا کہ فٹنس اچھی ہے گزشتہ سیریز میں 25 سے 30 اوورز کیے وکٹیں بھی حاصل کیں، ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیلی ہے لیکن مجھے ٹیم سے ڈراپ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔