اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے انگلینڈ روانہ ہورہی ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کا انگلینڈ میں گرم جوشی سے خیرمقدم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، ورلڈ کپ کے لیے منتخب کرکٹ ٹیم کو استقبالیہ برطانوی ہائی کمیشن میں دیا گیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، احسان مانی، ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی اعلیٰ عہدیداران نے تقریب میں شرکت کی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی میزبانی قابل فخر ہوگی، کرکٹ سے لگاؤ دونوں ملکوں کی مشترکہ دلچسپیوں میں سے ایک ہے۔
تھامس ڈریو نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ارکان کے لیے انگلینڈ میں بہترین وقت کا خواہش مند ہوں، گرین شرٹس کا انگلینڈ میں گرم جوشی سے خیرمقدم کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیم کے لیے استقبالیہ دینے پر برطانوی ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا، حفیظ نے ساتھ ہی ایک تصویر شیئر کی جس میں سرفراز احمد، بابر اعظم موجود ہیں اور بیک گراؤنڈ میں چیمپئنز ٹرافی کی جیت کی تصویر نمایاں ہے۔
Thanks for ur Hospitality @TomDrewUK at British high Commision Islamabad @SarfarazA_54 @babarazam258 pic.twitter.com/bYb1uRIVFE
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) April 19, 2019
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں شرکت کے لیے 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات
قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس میں پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان دلیری کے ساتھ کھیلے گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔