لاہور: پاکستان کپ کا آغاز کب ہوگا؟ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شیڈول جاری کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے آخری ٹورنامنٹ پاکستان کپ 2 مارچ سے شروع ہوگا اور 31 مارچ تک جاری رہے گا، ٹورنامنٹ فیصل آباد، اسلام آباد اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔
ڈبل لیگ کی بنیاد پر منعقدہ ایونٹ میں کُل 33 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دس گروپ میچز پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے، سیمی فائنلز اور فائنل کی براہ راست کوریج سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کے مابین اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا، سندھ اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں بھی اسی روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ بلوچستان اور ناردرن کی ٹیمیں ہاؤس آف ناردرن میں مدمقابل آئیں گی۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنزراپ کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹر، بہترین باؤلر اور بہترین وکٹ کیپر کو دس دس لاکھ روپے بطور انعام دئیے جائیں گے ، پلیئر آف دی فائنل کو 35ہزار روپے جبکہ پلیئرز آف دی میچ کی مد میں ٹورنامنٹ میں کُل آٹھ لاکھ روپے کی رقم تقسیم جائے گی۔