واشنگٹن: یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارت خانے میں جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جان کیری نے ’’امریکی صدر بارک حسین اوباما اور امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آزادی کے بعد سے پاکستانیوں نے ملک کو جمہوری تقاضوں پر تعمیر کرنے کی کوشش کی جو قابلِ تحسین ہے ، امریکا پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں ہے‘‘۔
مزید پڑھیں : آج یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
اس موقع پر ڈی سی ایم رضوان شیخ نے جان کیری کی آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یومِ آزادی کے موقع پر دنیا بھر کو امن و محبت کا پیغام دیتے ہیں‘‘۔
رضوان شیخ نے مزید کہا کہ ’’پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے اتحاد سے فتح حاصل کریں گے‘‘۔