پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کراچی ٹیسٹ، پاکستان 191 رنز پر ڈھیر، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنالیے۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب اوشادا فرنینڈو 4 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، کرونا رتنے کو 25 رنز پر محمد عباس نے بولڈ کیا، کسل مینڈس 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اینجلو میتھیوز 8 اور ایمبولدینیا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کی آدھی ٹیم 24 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی، محمد رضوان 4، یاسر شاہ اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے، شاہین شاہ آفرید 5 رنز بناسکے۔

اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، چائے کے وقفے تک پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اکھتر رنز بنا لیے ہیں۔

کھانے کے وقفے سے قبل شان مسعود 5، کپتان اظہر علی صفر اور عابد علی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے، جب کہ اسد شفیق ایک اور بابر اعظم 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ کھانے کے وقفے کے بعد دوسرا سیشن شروع ہوا تو قومی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی، پاکستان کی چوتھی وکٹ 127 رنز پر گر گئی، بابر اعظم 60 رنز پر ہمت ہار گئے، حارث سہیل کا فلاپ شو بھی جاری رہا، وہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، سری لنکا کی طرف سے وشوا فرنینڈو اور امبل دینیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

آج دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو حسب معمول وکٹیں دھڑا دھڑ گرنے لگیں، دو وکٹیں یکے بعد دیگرے 10 رنز پر گریں، شان مسعود 5 رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کا شکار بنے، سری لنکا کے خلاف پاکستان کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب کہ ٹرپل سینچری بنانے کے عزم کے ساتھ کریز پر آنے والے بیٹسمین عابد علی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:  بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

قبل ازیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہو گئی ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ قومی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف سری لنکا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، کاسن رجیتھا کی جگہ لستھ ایمبل دینیا ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، ہم پہلے بیٹنگ کریں گے، مداحوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ راولپنڈی میں پانچویں دن آئے۔ کپتان سری لنکن ٹیم دمتھ کرونارتنے نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، اب کوشش کریں گے کہ پاکستان کو جلد آؤٹ کریں۔

خیال رہے کہ پاکستانی بلے باز عابد علی نے شہر قائد میں منعقد ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری بنانے بنا کر ایک اور تاریخ رقم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو بارش کی وجہ سے ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں