23.4 C
Dublin
پیر, مئی 13, 2024
اشتہار

یومِ دفاع:‌ وہ شاعری جو دشمن ملک کی افواج کے لیے تازیانہ ثابت ہوئی

اشتہار

حیرت انگیز

1965ء میں بھارت سے جنگ کے موقع پر پاکستانی شعراء کے جنگی ترانے اور رزمیہ شاعری ایک طرف سرحدوں کے محافظوں کا لہو گرماتی رہی اور دوسری طرف قوم میں جذبۂ حبُ الوطنی بیدار کرتے ہوئے انھیں دشمن کے خلاف متحد کر دیا تھا۔ یہ جنگی ترانے اور رزمیہ شاعری پاکستانی قوم کی امنگوں اور جذبات کی ترجمان بھی تھی اور ان کے بول دشمن کے لیے کسی تازیانے سے کم نہ تھے۔

جنگِ‌ ستمبر کے موقع پر شعراء نے جو ترانے لکھے، وہ آج اردو زبان کے رزمیہ ادب کا حصّہ ہیں اور یہ شاعری قومی وحدت کی یادگار کے طور پر محفوظ ہے۔ یہاں ہم جنگِ ستمبر کے دوران اور بھارت کی شکست کے بعد مشہور ہونے والے اشعار اور ترانوں کے مقبول بند پیش کر رہے ہیں۔

اپنی جاں نذر کروں، اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مردِ مجاہد تجھے کیا پیش کروں
عمر بھر تجھ پہ خدا اپنی عنایت رکھے
تیری جرأت تیری عظمت کو سلامت رکھے
جذبۂ شوقِ شہادت کی دعا پیش کروں
قوم کے مردِ مجاہد تجھے کیا پیش کروں
(مسرور انور)

- Advertisement -

اج ہندیاں جنگ دی گل چھیڑی
اکھ ہوئی حیران حیرانیاں دی
مہاراج اے کھیڈ تلوار دی اے
جنگ کھیڈ نئیں ہوندی زنانیاں دی
(ڈاکٹر رشید انور)

تو وارث پاک اُجالوں کی
تو دھرتی شیر جوانوں کی
تری خوشبو کو چھلکائیں گے
ترے پیار کی جُگنی گائیں گے
(ضمیر جعفری)

میری سرحد پہ پہرا ہے ایمان کا
میرے شہروں پہ سایہ ہے قرآن کا
میرا ایک اک سپاہی ہے خیبر شکن
چاند میری زمیں، پھول میرا وطن
(ساقی جاوید)

سرفروشی ہے ایماں تمہارا
جرأتوں کے پرستار ہو تم
جو حفاظت کرے سرحدوں کی
وہ فلک بوس دیوار ہو تم
(جمیل الدّین عالی)

ہمارا پرچم یہ پیارا پرچم
یہ پرچموں میں عظیم پرچم
(سیف زلفی)

لگاؤ نعرۂ تکبیر ہر چہ بادا باد
مجاہدوں کو پہنچتی ہے غیب سے امداد
(احسان دانش)

اے راہِ حق کے شہیدوں وفا کی تصویرو
تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں
(مشیر کاظمی)

اردو میں جذبۂ قومیت کے اشتراک سے قومی شاعری کو ایک الگ صنفِ ادب کے طور پر متعارف کرانے والے اہم شعراء میں صبا اکبر آبادی، طفیل ہوشیار پوری، سید ضمیر جعفری، کرم حیدری، کلیم عثمانی، مشیر کاظمی، کیف بنارسی، ساقی جاوید، جمیل الدین عالی، تنویر نقوی، حمایت علی شاعر، رئیس امروہوی، احمدندیم قاسمی، منیر نیازی، ریاض الرحمن ساغر کے نام شامل ہیں۔ پاکستان کی آزاد فضاؤں میں ان ملّی نغمات اور اشعار کی گونج ہمیشہ سنائی دیتی رہے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں