اسلام آباد: عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد 20 اپریل کو واشنگٹن پہنچے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر اہم افسران پر مشتمل وفد بیس اپریل کو واشنگٹن پہنچے گا۔
پاکستانی وفد آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرے گا، عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاس 21 سے 26 اپریل تک جاری رہیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کی محکمہ خارجہ، کانگریس اراکین اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوں گی، وزیر خزانہ کی امریکی میڈیا کے ساتھ آف دی ریکارڈ گفتگو کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ امریکی سرمایہ کاروں میں پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے، وزیر خزانہ کی پاکستان میں معدنیات کے سیکٹر میں ممکنہ امریکی سرمایہ کاروں سے اہم ملاقاتیں طے کی گئی ہیں۔
وزیر خزانہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان پر عائد کردہ ٹیرف پر بھی مذاکرات کریں گے، اور واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کو پاکستان کی بہتر ہوتی معیشت پر بریفنگ دیں گے۔