اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب سے تین ماہ کے لیے روزانہ دو لاکھ بیرل تیل ادھار مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وفد سے درخواست کی ہے کہ کم از کم تین ماہ کے لیے یومیہ دو لاکھ بیرل تیل ادھار چاہئے، سیکریٹری پیٹرولیم سمیت دیگر حکام کی سعودی وفد کو منصوبوں پر بریفنگ دی، سعودی عرب کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی۔
سعودی وفد کو ایل این جی پلانٹس میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی، سعودی عرب کو سی پیک میں شمولیت کی بھی دعوت دی گئی۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کے مشیر برائے توانائی، صنعت اور معدنی وسائل احمد حمید الغامدی نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن ایوب سے ملاقات کی۔
سعودی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی، سعودی عرب کو بجلی پیداوار اور ترسیل میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی گئی۔
پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے سعودی وفد کا استقبال کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بن چکا ہے جہاں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی وفد طویل دورے میں دونوں ممالک میں گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔