نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ 5 اگست کے بعد بڑھتی بھارتی اشتعال انگیزی میں یواین ایم او جی آئی پی کا کردار مزید اہم ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں امن مشنز کی کارکردگی پرمباحثے میں ایل او سی کی نگرانی کرنے والے یو این مشن کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ یواین ایم او جی آئی پی کو ایل او سی کی بھارتی خلاف ورز ی کی سخت نگرانی کرنی چاہیے، 5 اگست کے بعد بڑھتی بھارتی اشتعال انگیزی میں یواین ایم او جی آئی پی کا کردار مزید اہم ہے۔
ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ یواین ایم او جی آئی پی کی رپورٹنگ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔
مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم پرپاکستان کبھی خاموش نہیں رہےگا، ملیحہ لودھی
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا تھا۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں صورت حال بتدریج بگڑتی جا رہی ہے، بھارت کےغیر قانونی اقدامات نے کشمیرمیں سنگین بحرانوں کو جنم دیا۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بڑے انسانی المیے کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے، مقبوضہ کشمیرمیں نافذ کرفیو نے معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا۔