جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں کوئٹہ جلسہ کی تاریخ پر اختلاف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں کوئٹہ جلسہ کی تاریخ پر اختلاف سامنے آگیا، پیپلزپارٹی نے 18 اکتوبر کی تاریخ پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے، پیپلزپارٹی سانحہ کارساز پر کراچی میں جلسہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم میں کوئٹہ جلسہ کی تاریخ پر اختلاف سامنے آگیا ، پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی نے جلسہ11 اکتوبر کو رکھنےکااعلان کیاتھا تاہم جے یو آئی اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی نے جلسہ 18 اکتوبر تک ملتوی کر دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے اور 18 اکتوبر کی تاریخ پر تحفظات ہیں، پیپلزپارٹی 18اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی مناتی ہے اور سانحہ پر کراچی میں جلسہ کرے گی۔

- Advertisement -

ذرائع پی پی پی نے کہا ہے کہ کراچی جلسہ پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ، سانحہ کار ساز میں177افراد شہید اور 610 زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب ذرائع جے یو آئی کے مطابق جلسےکی تاریخ سب کی سہولت کیلئےتبدیل کی، اپوزیشن اتحادقومی مفادمیں ہے، اپوزیشن کےاتحاد کوہرقیمت بچایااورآگےبڑھایاجائےگا، دیگر مسائل کی طرح یہ معاملہ بھی اسٹیئرنگ کمیٹی میں حل ہوجائے گا۔

خیال رہے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیئر نگ کمیٹی کی دوسری اہم بیٹھک آج اسلام آباد میں ہو گی ، جس میں میثاق پاکستان معاہدے کی تیاری پر کمیٹی بھی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے جبکہ احتجاجی تحریک اورکوئٹہ جلسے کی تاریخ کی تبدیلی کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

یاد رہے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے بعد بنائے جانے والے گروپ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کیا تھا اور پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا سربراہ احسن اقبال کو بنایا گیا تھا۔

ایک روز قبل پی ڈی ایم کے رہنماؤں کا ورچوئل اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں صدر کا عہدہ مولانا فضل الرحمان کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف ایک اتحاد تشکیل دیا تھا ، جو پہلے مرحلے میں ملک بھر میں جلسے کرے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے گا جبکہ حکومت کا ماننا ہے کہ اُسے پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں