اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

حکومت ہمیں‌ باغی بننے پر مجبور نہ کرے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک

اشتہار

حیرت انگیز

نوشہرہ : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ ملک کو لوٹا جارہا ہے،یہ ملک ڈاکوؤں کے لیے نہیں بنا،کرپٹ حکومت کو نکال کر دم لیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نوشہرہ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چاہے کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کر دی جائیں ہر حال میں بنی گالہ پہنچیں گے، آج ہم ایک مقصد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں ہمیں حکمرانوں کو تخت سے اتارنا ہے حکومت کے پاؤں لرز رہے ہیں اور ہاتھ کانپ رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل صبح کارکنان کی کثیر تعداد صوابی انٹر چینج پر جمع ہوں گی اور وہاں سے ہم بنی گالہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، دونومبر کو اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کردیں گے،حکومت ہمیں باغی بننے پر مجبور نہ کرے ،ہمیں روکو گے تو باغی ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے تا کہ غریب اور کچلے ہوئے لوگوں کو ان کے حقوق مل سکیں،کیا یہ ملک اس لیے بنا تھا کہ یہاں حکمراں لوٹ مار کریں یہ ملک ڈاکوؤں کے لیے نہیں بنا تھا اس لیے چور حکمرانوں سےملک کو نجات دلائیں گے۔

وزیراعلٰی کے پی کے نے کہا کہ کسی میں جرأت نہیں کہ عمران خان کا بال بھی بیکا کر سکے،اسلام آباد بند کرنا تحریک انصاف کا آئینی اور جمہوری حق ہے جس سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے چوہدری نثار سے پوچھتا ہوں یہ کون سا قانون ہے؟ جب کہ آئین ہر قسم کی سیاسی اور احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ کاروباری حضرات ملک میں کاروبار کریں اور اپنا پیسہ اپنے ملک میں لگائیں جب کہ خود اپنا پیسہ،جائیداد اور خاندان بیرون ملک منتقل کررکھا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں