اسلام آباد : پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے ملک کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح لوٹا۔
مہنگائی کا بڑھانا موجودہ حکومت کی مجبوری ہے جس کا سبب سابق حکومتوں کے کارنامے ہیں ، جس نے جاتے ہوئے خزانے کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لئے عوام قربانی دیں، ملک قرضوں کے سہارے زیادہ عرصہ نہیں چلتے اور نہ ہی راتوں رات تبدیلی آ سکتی ہے، معاشی استحکام سے ڈالر کی قدر اور توانائی و اشیائے ضروریہ کی قیمتیں معتدل ہو جائیں گی۔
برگیڈئیر محمد اسلم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیاستدانوں بیوروکریسی اور دیگر با اثر شخصیات اور اہم شعبوں نے طویل عرصہ تک اتنا لوٹا ہے کہ عوام کو کسی پر اعتماد نہیں رہا مگر اب صورت حال بدل گئی ہے اور موجودہ حکومت کو دوسری بار غیر ملکی قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔