اسلام آباد : پاکستان پہلی بار193 ممالک میں سے 8رکنی گلوبل ماحولیاتی کابینہ کا کارکن منتخب ہوگیا، پاکستان نئے اعزاز کے بعد اقوام عالم کی ماحولیاتی پالیسی سازی کا حصہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا ، پہلی بار193 ممالک میں سے پاکستان کو 8 رکنی گلوبل ماحولیاتی کابینہ کا کارکن منتخب کرلیا گیا۔
انتخابی عمل میں193ممالک کے ماحولیاتی وزرا نے حصہ لیا جبکہ ملک امین اسلم کو اقوام متحدہ ماحولیاتی اسمبلی کا نائب صدر منتخب کیا، اس کے علاوہ برطانیہ ،برازیل،سلواکیہ،سینیگال،پرتگال کے وزرا بھی نائب صدر منتخب ہوئے۔
پاکستان نئے اعزاز کے بعد اقوام عالم کی ماحولیاتی پالیسی سازی کا حصہ ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی پذیرائی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ماحولیاتی کابینہ کا کارکن منتخب ہونے کو بڑی خبرقراردے دیا۔
یاد رہے گذشتہ روز پاکستان کو اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر ماحولیاتی لیڈرشپ ملی تھی ، یواین ماحولیات اسمبلی نے پاکستان سمیت 3ممالک کو ماحولیات لیڈر ملک قرار دیا تھا، جس میں پاکستان کے علاوہ جرمنی اور ایل سلواڈور شامل تھے۔
ایل سلواڈور کو عشرہ ماحولیات منانے کا آئیڈیا دینے اور جرمنی کو ماحولیات پر زیادہ سرمایہ کاری میں کرنے پر لیڈر شپ ملی جبکہ پاکستان عشرہ ماحولیات میں 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کرنے میں بازی لے گیا۔
پاکستان ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ کو دنیا بھر میں ماڈل کے طور پر پیش کرے گا۔