مانچسٹر: پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیوں کے مابین سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آج بدھ کے روز اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کے بعد کل ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا جس کی سربراہی وکٹ کیپر سرفراز کریں گے۔ سرفراز احمد کل اپنے کریئر میں پہلی بار بطور کپتان میدان میں اتریں گے اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین اوئن مورگن انگلش ٹیم کی کمان سنبھالیں گے ۔
ٹیسٹ ، ون ڈے کے کپتانوں مصباح الحق اور اظہر علی کے بعد کل ٹی ٹوئنٹی میں سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہے، آخری ون ڈے میں پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے کے بعد فتح اپنے نام کرنے والی شاہینوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کی آئی سی سی رینکنگ میں انگلش ٹیم پانچویں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ماضی میں دونوں ٹیموں کے مابین 13 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے انگلینڈ نے 10 اور پاکستان تین میچز میں فاتح رہا ہے۔