اسلام آباد: پاکستان نے بنگلہ دیشی خاتون سفارت کارکوسفارتی آداب کا خیال نہ رکھنے پرملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی سفارتکار موشومی رحمان کو آئندہ بہترگھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی سفارتکار موشومی رحمان کو سفارتی آداب کی خلاف ورزی پرملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کی جانب سے ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات خاتون سیکنڈ سیکرٹری فارینہ ارشد کو بنگلہ دیش چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے سفارتی تعلقات بنگلہ دیش میں تحریکِ پاکستان کے حامیوں کی دی جانے والی مسلسل سزائے موت کے سبب کشیدہ ہیں۔
پاکستان کا موقف ہے کہ 1971 سے قبل پاکستان کی حمایت کرنے والے بنگلہ دیشی رہنماؤں کو معاہدے کے تحت استثنیٰ حاصل ہے لہذا انہیں جنگی جرائم کے الزام میں سزائے موت نہیں دی جاسکتی۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بھی گذشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بنگلہ دیش میں سزاؤں کے معاملے پرپاکستان کی جانب سے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اس معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں‘‘۔