اسلام آباد: وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے اچھی خبر آئی ہے کہ پاکستان آئندہ چند ماہ میں جیپ اور دیگر گاڑیاں برآمد کرے گا۔
وزارت صنعت و پیداوار کے حکام نے بتایا کہ ٹیوٹا انڈس موٹرز پہلے مرحلے میں 50 جیپ ایکسپورٹ کرے گا، ٹیوٹا انڈس کی فارچونر جیپ پہلے مرحلے میں ایکسپورٹ کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیوٹا انڈس کی ہائبرڈ کرولا کراس ایکسپورٹ کی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ ٹیوٹا انڈس نے 100 ہنر مند بھی تربیت کیلیے ٹیوٹا جاپان بھجوائے ہیں، ٹیوٹا جاپان میں پاکستانی ہنر مند بہترین ماہرانہ صلاحیتوں کے حامل قرار دیے گئے۔
اس سے قبل استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور اضافی کسٹم ڈیوٹی سے متعلق اہم تجاویز سامنے آئی تھیں۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجٹ تجاویز پیش کی تھیں۔
تجویز دیتے ہوئے کہا تگیا تھا کہ ان کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور اضافی کسٹم ڈیوٹی جاری رکھی جائے، بجٹ میں تجویز کا مقصد درآمدی استعمال شدہ گاڑیوں کی آمد کو روکنا ہے، ایسی گاڑیوں کی آمد سے مقامی گاڑیوں کی فروخت متاثر ہوتی ہے۔
اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کہا تھا کہ بڑی تعداد میں درآمد کیلیے سمندر پار پاکستانیوں کے استحقاق کا استحصال کیا گیا۔