چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کو سب سے زیادہ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرتا ہے، 5.12ارب ڈالرزکی برآمدات ہوتی ہیں۔
اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا کہ امریکا سے پاکستان میں سب سے زیادہ درآمد کاٹن ہوتی ہے، پاکستان سے امریکا کو مجموعی طور پر 5.12 ارب ڈالرز کی برآمدات ہوتی ہیں، امریکی درآمدات 2.154 ارب ڈالرز ہیں۔
کامران ارشد نے بتایا کہ یعنی تقریباً 3 ارب کا تجارتی خسارہ ہے، امریکا اور پاکستان کی درآمدات اور برآمدات میں 3 ارب ڈالرز کا فرق ہے۔
چیئرمین اپٹما نے کہا کہ دونوں ممالک میں موجود تجارتی خسارے کو ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے، پاکستان دنیا بھر سے مجموعی طور پر 55 سے 60 ارب ڈالرز کی امپورٹ کرتا ہے۔
پاکستان مجموعی طور پر 31 ارب ڈالرز کی ایکسپورٹ کرتا ہے، ہم نے 3 سے 4 ارب ڈالرز کسی امپورٹ والے ملک سے لیکر امریکا کو دینے ہیں، امریکی کاٹن کی درآمدات دگنی کرلیں تو تجارتی خسارہ ایڈجسٹ ہوجائےگا۔
کامران ارشد نے کہا کہ جاپانی آٹوموبل میکرز کی طرح امریکی مینوفیکچررز کو بھی ترجیحی ٹیرف ریلیف دیں، سرپلس بجلی موجود ہے، چینی الیکٹریکل وہیکل موٹرکمپنی پاکستان آئی ہے۔
چیئرمین اپٹما نے کہا کہ چینی الیکٹرک وہیکل کمپنی والی پیشکش ٹیسلا کو بھی دینی چاہیے، ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کا ٹرمپ انتظامیہ میں اہم کردار ہے۔