اسلام آباد: پاکستان کی سعودی عرب کو برآمدات میں گزشتہ مالی سال 41 فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور یوں یہ 710.3 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں۔
پہلی بار پاکستان سے اشیا اور خدمات کی مجموعی برآمدات ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ سعودی عرب کو اشیا و خدمات کی مجموعی برآمدات گزشتہ سال میں 1.08 ارب ڈالرز رہیں۔
وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کروایا جس کے مطابق سعودی کمپنی آرامکو نے تیل و گیس کمپنی ’گو‘ کے 40 فیصد حصص حاصل کیے، سعودی عرب کی کمپنی ’الوافی انرجی‘ نے ’شیل پاکستان‘ کے اکثریتی حصص حاصل کیے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کیلیے بڑی خوشخبری
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سعودی جنرل اسپتال ڈھائی سو ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، لاہور اسمارٹ سٹی میں 300 بستروں پہ مشتمل اسپتال قائم کیا جائے گا۔
یورپی برآمدات میں قابل ذکر اضافہ
مالی سال 25-2024 میں پاکستان کی یورپی برآمدات میں قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے یورپی برآمدات میں بہتری آئی جبکہ معاشی ترقی کو فروغ ملا۔
پاکستان کی یورپی ممالک کو ایکسپورٹ میں جولائی تا اپریل 8.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سال بہ سال برآمدات میں نمایاں بہتری سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔
گزشتہ مالی سال کی نسبت ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا جو 6.95 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7.55 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات خاص طور پر ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی مانگ میں اضافہ ہوا۔ ایکسپورٹ کی بڑھوتری ملکی سرمایہ کاری، صنعتوں کی ترقی اور محصولات میں اضافے کا باعث ہے۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے یورپ میں ایکسپورٹ ممکن ہوئی جبکہ معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔