پاکستانی فضائی حدود پر بھارتی طیاروں کی پرواز پر پابندی 24 جون 2025 صبح 4:59 بجے تک بڑھا دی گئی۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ، آپریٹڈ، ملکیت یا لیز پر لئے گئے تمام طیارے پابندی کی زد میں رہیں گے۔
یہ پابندی بھارتی فوجی طیاروں پر بھی لاگو ہو گی۔
بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کے زیر انتظام کوئی بھی پرواز پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکے گی۔
بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کو ایک ماہ مکمل ہو گیا، پاکستان نے فضائی حدود بھارت کی جانب سے دریا کا پانی بند کرنے کے بعد بند کر دی تھیں۔
فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو اب تک 8 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، بوئنگ 777 اور ایئر بس طیاروں کی 150 پروازوں کو یومیہ 2 سے 4 گھنٹے کے اضافی سفر کا سامنا ہے۔
بھارتی ایئر لائنز کو 1 ماہ میں ایندھن کی مد میں 5 ارب روپے کے اضافی اخراجات کرنے پڑے، طویل دورانیے کی بھارتی پروازوں کو اسٹاپ اوور کی مد میں 3 ارب کے الگ اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ ایئر لائن ’ایئر انڈیا‘ وفاقی حکومت سے مالی امداد کا مطالبہ بھی کر چکی ہے، ایئر لائن نے ایک اندازہ لگایا ہے کہ اگر بندش برقرار رہتی ہے تو اسے ہر سال 50 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہو سکتا ہے، ایئر لائن نے اپنے نقصانات کے تناسب سے ’’سبسڈی ماڈل‘‘ مانگا ہے۔